ٹوکیو: جاپانی کاسمیٹکس ساز کانیبو نے پیر کو کہا کہ ملک اور بیرونِ ملک صارفین کی جانب سے اس کی رنگ گورا کرنے والی مصنوعات استعمال کر کے جلدی بیماری کی شکایات 7000 سے بڑھ گئی ہیں۔
پچھلے ماہ کمپنی نے اپنی 54 مصنوعات کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا جن میں ‘4 ایچ پی بی’ نامی مادہ شامل ہے، جو کانیبو کی جانب سے تیار کردہ ایک قدرتی مرکب کا مصنوعی ورژن ہے۔
فرم نے پیر کو کہا کہ اس نے 7266 شکایات وصول کی ہیں جو زیادہ تر جاپانی صارفین کی جانب سے تھیں جنہوں نے کریم جیسے “بلانکیر سپیرئیر” استعمال کیں، جبکہ 65 کے قریب شکایات بیرونِ ملک سے تھیں۔
تازہ ترین ہندسہ پچھلے ماہ اعلان کردہ شکایات کے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔
کانیبو کی واپسی کا اعلان جاپان، برطانیہ اور 10 ایشیائی علاقہ جات — ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، سنگاپور، ملیشیا، انڈونیشیا، میانمار، فلپائن اور ویتنام — میں ریٹیل شیلفوں پر موجود 4.5 ملین مصنوعات کو متاثر کرے گا۔
ترجمان نے کہا، “ہم متاثرہ مصنوعات کو واپس بلانے کا عمل قریباً مکمل کر رہے ہیں، تاہم ہم اب بھی شکایات وصول کر رہے ہیں”۔