واشنگٹن: جاپان اور جنوبی کوریا کی الاسکا پر فضائیہ کی مشقوں میں مشترکہ شرکت –جس کی پہلے مثال نہیں ملتی– ظاہر کرتی ہے کہ امریکہ کے دو جنوب مشرقی ایشیائی اتحادی اپنے سیاسی اختلافات کے باوجود سلامتی پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کے طیارے امریکی اور آسٹریلوی افواج کے ہمراہ سالانہ ریڈ فلیگ الاسکا مشقوں میں اڑتے رہے ہیں جو جمعہ کو ختم ہوئیں۔ اس مشق میں جنگی نقل و حرکت کی سیمولیشن (کمپیوٹر پر نقل) شامل تھی جس میں کوریائی لڑاکا جیٹ طیاروں نے جاپان اور دوسرے ممالک سے فوجی مال بردار جہازوں کے لیے فضائیں محفوظ کرنے میں مدد کی۔
حالیہ برسوں میں سئیول اور ٹوکیو نے سلامتی کے تعلقات میں بہتری کے لیے عارضی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے فوجی مشقوں کے دوران مبصرین کا تبادلہ کیا اور بحری تربیتی مشقوں میں شریک ہوئے۔ تاہم یہ پہلا موقع تھا انہوں نے ایک ہی مشق کے دوران اپنے لڑاکا جیٹ طیارے اڑائے۔