ٹوکیو: ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) کے صدر ناؤمی ہیروسے نے جمعرات کو فوکوشیما کے ماہی گیروں — جنہیں خدشہ ہے کہ ان کی روزی روٹی کو سمندر کی آلودگی کی وجہ سے خطرہ لاحق ہو رہا ہے — کو اپنی معذرت پیش کی، اور ان کی مچھلیوں پر اثر نہ پڑنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا وعدہ کیا۔
تاہم پورے ملک میں 1000 سے زائد ماہی گیر تنظیموں کی فیڈریشن جے ایف زینگیورین کے صدر ہیروشی کیشی نے کہا ان کے اراکین کو فوکوشیما ڈائچی ایٹمی پلانٹ کے پیدا کردہ گند کو ٹھیک کر نے کے لیے ٹیپکو کی صلاحیت پر کوئی اعتبار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا، “ہمارا خیال ہے کہ آپ کی کمپنی کی تابکار پانی سے نمٹنے کی صلاحیت جواب دے چکی ہے”۔ “ہم انتہائی پریشان ہیں چونکہ یہ ہمارے ملک کی ماہی گیری کی صنعت پر لامحدود اثرات مرتب کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی کرتا رہے گا۔”