ٹوکیو: جاپان کے ایٹمی نگران ادارے نے بدھ کو کہا، تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے اطراف میں آلودہ پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں پر تابکاری کی ریڈنگز پانچ گنا سے زیادہ بڑھ کر اپنی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں، جس سے قریباً تین عشروں میں دنیا کی بدترین ایٹمی آفت کے بعد صفائی کے معاملات پر خدشات بڑھے۔
زیادہ تابکاری والے علاقے عجلت میں تعمیر کیے گئے سینکڑوں ٹینکوں والی تین جگہوں پر پھیل گئے ہیں، جہاں مارچ 2011 میں فوکوشیما ڈائچی پلانٹ پر پگھلاؤ کا شکار ہونے والے تین ری ایکٹروں پر پھینکا جانے والا آلودہ پانی ذخیرہ کیا جاتا ہے۔
تابکاری کے بڑھتے ہوئے درجات اور پلانٹ پر رساؤ کے واقعات نے عالمی سطح پر خطرے کی گھنٹی بجائی ہے، اور جاپانی حکومت نے منگل کو کہا کہ وہ قریباً 47 ارب ین کی فنڈنگ کے ساتھ مداخلت کرے گی تاکہ پلانٹ پر آلودہ پانی کی بڑھتی ہوئی مقدار پر قابو پایا جا سکے۔
ایٹمی نگران ادارے (این آر اے) نے کہا، پلانٹ پر ٹینکوں کے ایک سیٹ کے نزدیک زمین سے ذرا اوپر ریڈنگز 2200 ملی سیورٹس (ایم ایس وی) کی زیادہ سے زیادہ تابکاری دکھا رہی تھیں۔