ٹوکیو: اقتصادی اور مالیاتی پالیسی کے وزیر آکیرا آماری نے پیر کو کہا وزیرِ اعظم شینزو ایبے یکم اکتوبر کو سیلز ٹیکس بڑھانے یا نہ بڑھانے کا فیصلہ کریں گے۔
ایبے، جو پیر کو ارجنٹائن میں عالمی اولمپک کمیٹی کے اجلاس سے واپس لوٹے، نے پہلے کہا تھا کہ وہ اپنا فیصلہ سہ ماہی کے خام قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر کریں گے۔ پیر کو کیبنٹ آفس کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا سے ظاہر ہوا کہ ابتدائی 2.6 فیصد کی شرح کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 3.8 فیصد کی شرح نمو بنی، جس سے علامات کی بڑھتی ہوئی تعداد میں مزید اضافہ ہوا کہ ٹھوس بحالی جڑ پکڑ رہی ہے اور ایبے کے لیے اگلے برس سیلز ٹیکس میں طے شدہ اضافے کا مقدمہ مضبوط ہوا۔
اگر منصوبے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی، تو جاپان اپریل سے سیلز ٹیکس میں اضافہ کر کے 5 سے 8 فیصد کر دے گا، جو اکتوبر 2015 میں 10 فیصد ہو جائے گا۔
آماری نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر حکومت طے شدہ سیلز ٹیکس اضافے کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کرتی ہے، تو وہ مالی اخراجات کے لیے ایک اضافی بجٹ بھی تیار کرے گی کہ معیشت کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ ہو سکے اور متعلقہ بل اگلے برس کے شروع میں دائت میں جمع کروائے گی۔