ٹوکیو: جاپان اور جنوبی کوریا کے کھیلوں کے سربراہان نے اتفاق کیا ہے کہ اپنے اپنے ممالک کے سفارتی اختلافات ایک طرف رکھیں اور اولمپک کھیلوں کی کامیابی کے لیے مل کر کام کریں جو دونوں ممالک میں منعقد ہوں گے۔
جی جی پریس کے مطابق، جاپانی اولمپک کمیٹی کے صدر تسونیکازو تاکیدا نے بیونس آئرس میں اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب سے ملاقات کی جب ٹوکیو نے ہفتے کو 2020 کے گرمائی کھیلوں کی میزبانی کا حق جیتا تھا۔
2018 کے سرمائی کھیل جنوبی کوریائی شہر پیونگ چانگ میں منعقد ہوں گے، جو سئیول سے 180 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
جی جی پریس کے مطابق، تاکیدا نے کہا دونوں شخصیات نے اتفاق کیا کہ دونوں اقوام سے اہلکار ایک دوسرے کی مدد کریں گے، اور اضافہ کیا کہ انہوں نے کوریائی اولمپک کمیٹی کے سربراہ کِم جونگ ہائنگ کو بتایا کہ انہیں تعاون کرنا چاہیئے چونکہ “پیونگ چانگ سے ٹوکیو تک ایک ایشیائی دور چلے گا”۔
جاپانی وزیرِ اعظم شینزو ایبے، جو دسمبر میں اقتدار میں آئے تھے، نے ابھی تک جنوبی کوریائی صدر پارک گیون ہئے سے سربراہ ملاقات نہیں کی، جو فروری میں اقتدار میں آئی تھیں۔
دریں اثناء میڈیا نے بدھ کو خبر دی کہ ایبے وزیرِ کھیل ہاکوبون شیمومورا کو کو 2020 اولمپکس اور پیرا اولمپکس کے لیے وزیر کے طور پر مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔