ٹوکیو: جمعرات کی اطلاعات کے مطابق، وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے اگلے برس طے شدہ اوقات کے مطابق سیلز ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم 5 ٹریلین ین کے محرکاتی پیکج کے ذریعے دھچکے کا ازالہ کریں گے جس کا مقصد نوخیز اقتصادی بحالی کی حفاظت کرنا ہے۔
جاپانی میڈیا نے خبر دی کہ ایبے، جنہوں نے برسوں کی ہلکی اقتصادی بڑھوتری کو تیز کرنے کی مہم کی سربراہی کی ہے، اپریل میں ٹیکسوں کو 5 فیصد کی موجودہ شرح سے بڑھا کر 8 فیصد کرنے کے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھیں گے، ایک ایسا اقدام جو چکرا دینے والے قومی قرضے سے نپٹنے کے لیے اشد ضروری سمجھا جاتا ہے۔
خبر رساں اداروں اور صف اول کے روزنامے یومیوری، اور کیودو نے وزیرِ اعظم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا، تاہم ایبے 5 ٹریلین ین کا ایک تازہ اقتصادی پیکج بھی جاری کریں گے تاکہ اس اضافے پر معیشت کو سہارا دیا جا سکے۔
نشر کار ٹی وی آساہی نے کہا ایبے نے یہ فیصلہ موجودہ خوش پسندانہ اقتصادی ڈیٹا اور ٹوکیو کی 2020 اولمپکس کھیل کی میزبانی کی کامیاب بولی کی بنیاد پر دیا ہے، جو متوقع طور پر بڑھوتری میں اضافہ کرے گا۔
چیف کیبنٹ سیکرٹری یوشی ہیدے سُوگا نے ٹوکیو میں نیوز بریفنگ کو بتایا، اقتصادی ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد “وزیرِ اعظم اگلے ماہ کے شروع میں فیصلہ کریں گے”۔