ٹوکیو: ٹوکیو کو 2020 اولمپکس کی میزبانی عطاء ہونے کے بعد وزیرِ اعظم شینزو ایبے اور ٹوکیو کے گورنر ناؤکی اینوسے نے بدھ کو پہلی ملاقات کا اہتمام کیا۔ اہلکاروں کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے ٹوکیو کو اولمپکس کی تیاریوں کے سلسلے میں زیادہ سیاح دوست شہر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سانکےئی شمبن نے خبر دی، ایک تجویز یہ ہے کہ ریستورانوں اور ریٹیل اسٹور وغیرہ کو کثیر زبانی مینیوز، نشانات وغیرہ استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے۔
اینوسے نے کہا ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت شہر کو کھیلوں کے لیے تیار کرنے کا کام فوری طور پر شروع کر دے گی۔
دسمبر میں روپّونگی اور شیبویا کے درمیان 24 گھنٹے چلنے والی بس سروس آزمائشی طور پر شروع کی جائے گی۔ میٹروپولیٹن حکومت کے ایک اہلکار نے کہا سروس میں توسیع کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہو گا کہ کتنے لوگ بسیں استعمال کرتے ہیں،تاہم اینوسے نے کہا ان کے خیال میں 24 گھنٹے چلنے والی ٹرانسپورٹ سروس اولمپکس کے دوران لازمی ہو گی۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایک دن شاید ٹوکیو میں بھی 24 گھنٹے کا سب وے سسٹم ہو، تاہم تسلیم کیا کہ یہ بہت جلد نہیں ہو سکے گا۔
دریں اثناء وزارتِ اراضی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور سیاحت کا ارادہ ہے کہ سیاحوں کے لیے زیادہ پرکشش علاقوں میں سڑکوں پر نشانات کو “روماجی” سے انگریزی میں تبدیل کر دے۔