ٹوکیو: فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے آپریٹر نے جمعے کو کہا، سائٹ پر ایک ری ایکٹر سے دوبارہ بخارات اٹھ رہے ہیں، جب اڑھائی برس سے زیادہ عرصہ قبل اس کا مرکزہ پگھل گیا تھا۔
ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) نے کہا اس کے خیال میں بخارات ری ایکٹر کے اوپر بنے جوہڑ سے اٹھ رہے تھے، تاہم یہ واضح کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا کہ رواں برس جولائی سے کبھی کبھار بخارات کیوں ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔
ٹیپکو نے کہا فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر مستحکم رہا، جبکہ اس کے اندر اور اردگرد موجود حساسیوں نے تابکاری کے اخراج میں کوئی اضافہ نہیں دکھایا۔
بھاپ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ٹیپکو نے مزید ثبوت دریافت کیا تھا کہ پلانٹ پر تابکار فضلاتی پانی سمندر کی جانب جاتے ہوئے زیرِ زمین پانی کو آلودہ کر رہا ہے۔
مارچ 2011 کے زلزلے و سونامی سے پیدا شدہ پگھلاؤ پر قابو پانے کے لیے ری ایکٹروں پر ہزاروں ٹن پانی بہایا جا چکا ہے۔
فوکوشیما میں جاری ایٹمی آفت حالیہ ہفتوں میں عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے جیسا کہ ٹوکیو نے میڈرڈ اور استنبول کو ہرا کر 2020 کھیلوں کی میزبانی کا حق جیتا ہے۔