ٹوکیو: جاپان نے ملک کے آخری چلتے ہوئے ایٹمی ری ایکٹر کو بھی اتوار کو جانچ پڑتال کے لیے بند کرنے کا کام شروع کیا، جسے ایٹمی توانائی پر عوامی دشمنی کے دوران فوری طور پر دوبارہ چلانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
کانسائی الیکٹرک پاور کو، صوبہ فوکوئی میں اوئی ایٹمی بجلی گھر کے ری ایکٹر نمبر 4 کو آہستہ آہستہ آفلائن لے جائے گی۔
جاپان اس سے قبل مئی 2012 میں ایٹمی بجلی کے بغیر تھا، جب ملک کے تمام 50 تجارتی ایٹمی ری ایکٹروں کو طے شدہ جانچ پڑتال کے لیے بند کر دیا گیا تھا، جبکہ ان کی یوٹیلیٹی کمپنیاں عوامی مخالفت کی وجہ سے دوبارہ چلانے کے قابل نہیں تھیں۔
پچھلے برس حکومت اور یوٹیلیٹی کمپنیوں نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ جاپان کو ایٹمی توانائی کے بغیر شدید لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہو سکتا ہے، خصوصاً مغربی علاقے میں جہاں ایٹمی بجلی پر انحصار نسبتاً زیادہ تھا۔
ان کے خدشات بے بنیاد ثابت ہوئے تاہم حکومت نے کانسائی الیکٹرک کو اوئی پلانٹ کے نمبر 3 اور 4 ری ایکٹر دوبارہ چلانے کی اجازت دے دی، اور کہا کہ ایٹمی توانائی سردی کے دوران بجلی کی بڑھی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے۔