ٹوکیو: پیر کو وسطی جاپان سے ٹکرانے والے ٹائیفون نے تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی کے آپریٹر کو مجبور کیا کہ وہ کم درجے کی تابکاری رکھنے والا بارش کا پانی سمندر میں خارج کر دے۔
ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) کے کارکنوں نے تابکار پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کے نزدیکی علاقے — جہاں سے رساؤ زمینی پانی میں شامل ہونے کا شبہ ہے — سے پانی باہر پمپ کیا۔
ٹیپکو کے ترجمان یو کوشی میزو نے کہا، “ہم نے سمندر میں پانی خارج کرنے کا فیصلہ کیا چونکہ ہم تابکاری کے درجات کی نگرانی کے بعد اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ اسے بارش کا پانی سمجھا جا سکتا ہے”۔
ترجمان کے مطابق، پانی کے ایک لیٹر میں 24 بیکرلز اسٹرانشیم اور دیگر تابکار مادے موجود تھے — جو 30 بیکرلز فی کلوگرام کی حفاظتی حد سے نیچے ہے جو جاپانی حکام نے ماحول میں ممکنہ اخراج کی صورت میں عائد کر رکھی ہے۔
ٹیپکو کے مطابق، قریباً 300 ٹن معمولی تابکار زیرِ زمین پانی ری ایکٹروں کے نیچے سے گزر کر روزانہ سمندر میں داخل ہو رہا ہے۔