ٹوکیو: پیر کو وسطی جاپان پر پھرنے والے طاقتور طوفان مان یی نے اتنی بارش برسائی کہ کیوتو کے کچھ حصے بالکل پانی میں ڈوب گئے، جبکہ کانسائی میں بیشتر دریا اونچی سطح یا اپنے کناروں سے ابل پڑنے والی کیفیت میں بہہ رہے تھے۔ طوفان گزرنے کے کچھ ہی دیر بعد اسکول کے طلباء کا ایک گروپ قریبی پُل پر سے گزرنے والی ٹرینوں کی تصاویر کھینچنے کے لیے نکلا، جب ان میں سے کم عمر ترین، نو سالہ ایلیمنٹری اسکول طالبعلم، اپنا توازن کھو بیٹھا اور اوساکا یودو دریا میں گر پڑا، جو سخت بارش کی وجہ سے خطرناک حد تک تیزی سے بہہ رہا تھا۔
سخت بہاؤ کے دوران وہ لڑکا چند ہی لمحوں میں 350 میٹر بہتا چلا گیا۔ خوش قسمتی سے ایک 26 سالہ متبادل (غیر ملکی) طالبعلم یان جون اسی وقت دریا کے ساتھ ساتھ چل رہا تھا اور اس نے لڑکے کو گدلے پانی میں جد و جہد کرتے دیکھ لیا۔ اس نے فوری طور پر پانی میں چھلانگ لگائی اور لڑکے کو بحفاظت کھینچ کر لے آیا، جس کے بعد دونوں کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔ چند معمولی چیروں اور خراشوں کے علاوہ لڑکے کو کچھ نہیں ہوا تھا، اور بہادر نجات دہندہ بھی بہ صحت تھا۔