فرینکفرٹ: جاپان کے کار ساز ادارے مسابقتی یورپی مارکیٹ میں کاروبار واپس جیتنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، اور چھوٹے کم ایندھن استعمال کرنے والے ڈیزل انجنوں اور اسمارٹ انٹیرئیر والی نئی کاریں متعارف کروا رہے ہیں۔
جاپانی کار ساز ادارے عرصہ دراز سے قابلِ اعتبار ہونے کی نیک نامی سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں، تاہم جب ہنڈائی اور کےآ یورپی پسند کے مطابق اسٹائلش، سستی کاروں –جن کی وارنٹی پانچ سے سات برس تک تھی– کی ایک رینج کے ساتھ سامنے آئے تو جاپانی کار ساز ادارے پیچھے چلے گئے۔
اس نے دونوں جنوبی کوریائی کمپنیوں کو ٹیوٹا جیسے حریفوں سے یورپی سیلز چھیننے میں مدد دی۔
“انہوں نے یورپی ڈیزائن اور انٹیرئیر کے معیار کے بنیادی نقاط ہی نہ سمجھے،” مارک ہال نے کہا، جنہوں نے 2010 میں ہنڈائی یورپ کے مارکیٹنگ آپریشنر چلانے کے لیے جاپانی کار ساز ادار ے سے 20 سالہ رفاقت کا اختتام کیا تھا۔
جاپان کے کار ساز ادارے اب واپسی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہینڈلنگ بہتر بنا رہے ہیں اور مزید ویگنیں متعارف کروا رہے ہیں، ایک ایسا باڈی اسٹائل جو یورپ کے بہت سے حصوں میں کمپنی کار مالکان کے ہاں مقبول ہے۔