بیجنگ: چین نے پیر کو جاپان کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل لانچ کی نگرانی کے لیے جدید ترین امریکی فوجی ریڈار سسٹم نصب کرنے کے منصوبوں پر تنقید کی، اور کہا کہ یہ علاقائی سلامتی پر اثر انداز ہو سکتا ہے اور تزویراتی توازن میں خلل ڈال سکتا ہے۔
ایکس بینڈ ریڈار سسٹم بحرِ جاپان کے پرے سے میزائلوں کی نگرانی اور انہیں روکنے کے لیے جاپانی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ہونگ لےئی نے کہا، یہ “علاقائی ایٹمی عدم پھیلاؤ اور استحکام کی جانب مائل نہیں، اور عالمی تزویراتی توازن پر انتہائی منفی اثرات مرتب کرے گا”۔
ہونگ نے کہا، “علاقے میں کچھ ممالک یا بلاکس نے شمالی کوریا کے ایٹمی خطرے کو بہانہ بنا کر یکطرفہ طور پر اینٹی میزائل سسٹم یا (امریکہ کے ساتھ) باہمی تعاون قائم کیا ہے”۔
ہونگ کے بیان کا مطلب تھا کہ ریڈار شمالی کوریا پر نظر رکھنے کے علاوہ دوسرے مقاصد کے لیے نصب کیے جا رہے ہیں، اگرچہ انہوں نے کوئی تفصیلات نہیں دیں۔ چین ایشیا میں امریکہ کی قریباً تمام فوجی سرگرمی کو ایک سازش کا حصہ سمجھتا ہے جس کا مقصد اس کی بڑھتی ہوئی فوجی، سفارتی اور اقتصادی طاقت کو دبانا ہے۔