ہوکائیدو: جے آر ہوکائیدو ریلوے کو، جو پٹڑی سے گاڑی اترنے کے متواتر واقعات اور دیگر مسائل کی وجہ سے پہلے ہی تنقید کی زد میں ہے، نے بدھ کو کہا کہ 170 مزید مقامات پر پٹڑیوں میں غیر مرمت شدہ نقائص موجود تھے۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب جے آر ہوکائیدو کا ترجمان منگل کی سہ پہر ٹیلی وژن پر نیوز کانفرنس کے دوران واضح طور پر سٹپٹایا ہوا نظر آیا، اور اعتراف کیا کہ اس کے پاس نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب دینے کے لیے کافی معلومات نہیں ہیں۔
پچھلی جمعرات کو ہوکائیدو میں ایک مال گاڑی پٹڑی سے اترنے کے بعد جے آر ہوکائیدو نے کہا تھا کہ ہنگامی جانچ سے 97 مقامات پر پٹڑی میں نقائص کا انکشاف ہوا ہے۔ بہت سے کیسوں میں پٹڑی حفاظتی حد سے بڑھ کر چوڑی ہو چکی تھی۔
فوجی ٹی وی کے مطابق، جے آر ہوکائیدو نے بدھ کو کہا کہ اب تمام نقائص کی مرمت کی جا رہی ہے۔
منگل کو ایک اور واقعے نے کمپنی کے مسائل میں اضافہ کیا جب نیمورو لائن پر شیرانوکا اسٹیشن پر ایک ٹرین کی بوگی تلے سے سفید دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا۔