ٹوکیو: پیر کی خبروں کے مطابق، جاپان اور امریکہ سائبر حملوں کے خلاف دفاع مضبوط بنانے پر بات چیت کریں گے، جیسا کہ ٹوکیو عالمی سیکیورٹی میں زیادہ فعال کردار ادا کرنے کا خواہاں ہو رہا ہے۔
اس ہفتے کے اواخر میں جاپان میں بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور دفاع 15 برس میں پہلی مرتبہ اپنے سلامتی اتحاد کے کام کے طریقہ کار کا جائزہ لیں گے۔
یومیوری شمبن نے کہا، سائبر حملوں کا تدارک کرنے کے اقدامات ایجنڈے پر اولین اہمیت کے حامل ہوں گے۔
سانکےئی شمبن نے بھی ملتی جلتی خبر شائع کی، اور اضافہ کیا، “خلائی شعبے میں تعاون ایک اور اہم معاملہ ہو گا”۔
امریکہ خصوصاً سائبر حملوں کے خطرے کی جانب سے فکرمند ہے، جو اس کے مطابق زیادہ تر چین سے وقوع پذیر ہوتے ہیں۔
امریکی سیکرٹری دفاع چک ہیگل اور سیکرٹری آف اسٹیٹ جان کیری جمعرات کو اپنے جاپانی ہم منصبوں ایتسونوری اونودیرا اور فومیو کیشیدا سے ملاقات کریں گے۔
اونودیرا نے جمعے کو کہا، یہ نام نہاد “2 جمع 2” ملاقات “جاپان امریکہ دفاعی تعاون پر معاملات کا ایک وسیع سلسلہ اٹھائے گی جیسا کہ جاپان کے اردگرد سلامتی کا ماحول شدید تر ہوتا جا رہا ہے”۔