ٹوکیو: جاپانی گیم کنسول ساز نائی ٹینڈو نے بدھ کو کہا کہ وہ جاپانی مارکیٹ کے لیے اپنا وی کنسول بنانا بند کر دے گا، تاہم عالمی طور پر اس کی پیداوار جاری رکھے گا۔
وطن میں اس کنسول، جو مائیکروسافٹ کے ایکس باکس 360 اور سونی کے پلے اسٹیشن 3 کا حریف ہے، کو ترک کرنے کا یہ اقدام نائی ٹینڈو کو اپنی کوششیں اس کے جانشین پر مرکوز کرنے میں مدد دے گا۔
نائی ٹینڈو کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا، “ہمارا نئی نسل کا وی یو کنسول پہلے ہی مارکیٹ میں ہے اور صارفین کو خصوصی طور پر وی کے لیے تیار کردہ سافٹویر کھیلنے کی سہولت دیتا ہے”۔
نائی ٹینڈو نے پچھلے برس وی یو کنسول کا اجراء کیا تھا، اگرچہ تجزیہ نگاروں نے کہا کہ گیموں کی عدم دستیابی نے کمپنی کی توقع کے خلاف اس کی کشش میں کچھ کمی کر دی اور بیرونِ ملک تھری ڈی ایس کنسول کی طلب میں مایوس کن رجحان دیکھنے میں آیا۔
نائی ٹینڈو، جو ڈونکی کونگ اور سپر ماریو جیسے معروف برانڈز کا خالق ہے، سونی اور مائیکروسافٹ، جو پلے اسٹیشن اور ایکس باکس ویڈیو گیم کنسولز بناتے ہیں، کے ساتھ قریباً 44 ارب ڈالر مالیت کی گیم مارکیٹ پر غلبے کی جنگ میں الجھا ہوا ہے۔