ٹوکیو: ایک امریکی دفاعی اہلکار نے جمعرات کو کہا، امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان اگلے ہفتے جزیرہ نما کوریا کے اطرافی پانیوں میں مشترکہ بحری مشقیں کریں گے، جیسا کہ پیانگ یانگ کے ایٹمی پروگرام پر خدشات بڑھ رہے ہیں۔
یہ اعلان ایسے وقت آیا ہے جب امریکی وزیرِ دفاع چک ہیگل اور وزیرِ خارجہ جان کیری اس ہفتے جنوبی کوریائی اہلکاروں سے بات چیت کے بعد اپنے جاپانی ہم منصبوں سے ملاقات کے لیے ٹوکیو میں تھے۔
یہ اعلان امریکہ اور جنوبی کوریا کی جانب سے بیان کے ایک دن بعد کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے ایٹمی یا کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک نئی حکمتِ عملی تیار کر لی گئی ہے۔
پیانگ یانگ نے جنوبی کوریا اور امریکہ پر پیشگی ایٹمی حملوں کی دھمکی دی تھی، جبکہ پینٹاگون نے اس کا جواب سئیول کے ساتھ فوجی مشقوں کے دوران ایٹمی ہتھیار لے جانے کے قابل مخفی بی 52 بمبار طیاروں کی تعیناتی کے ذریعے دیا۔