ٹوکیو: جاپان کے تباہ حال ایٹمی بجلی گھر کے آپریٹر نے پیر کو کہا کہ متاثرہ ری ایکٹروں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے پانی ڈالنے والے پمپوں کی بجلی بند ہو گئی، تاہم ایک بیک اپ نظام فوری طور پر چل پڑا۔
ایٹمی نگران ادارے نے کہا کہ نظام کی جانچ کرنے والے ایک کارکن نے غلطی سے ایک بٹن بند کر دیا جس سے فوکوشیما پلانٹ پر چار ری ایکٹروں کی عمارات میں کچھ نظاموں کی بجلی بند ہو گئی۔
مارچ 2011 میں تباہ کن زلزلے و سونامی سے پیدا شدہ پگھلاؤں اور ہائیڈروجن دھماکوں کے بعد سے پلانٹ آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) ری ایکٹروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ان پر روزانہ سینکڑوں ٹن پانی بہاتا ہے۔
ٹیپکو نے کہا پلانٹ پر نمبر 1، 2 اور 3 ری ایکٹروں اور استعمال شدہ ایندھنی راڈوں کے تالابوں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پانی پمپ کیا جا رہا ہے۔ اس برس کے شروع میں ٹیپکو فوکوشیما ڈائچی پلانٹ پر یورینیم کے استعمال شدہ ایندھنی راڈوں کا ٹھنڈا کرنے کا نظام اس وقت کھو بیٹھا تھا جب ایک چوہے نے بجلی کی تار کاٹ ڈالی۔