ٹوکیو: ایک اہلکار نے پیر کو بتایا، جاپانی قصبہ، جسے آسکر جیتنے والی دستاویزی فلم “دی کوو” نے بدنام کیا، ایک بحری ممالیہ پارک کھولے گا جہاں زائرین ڈالفنوں کے ہمراہ تیر سکیں گے، تاہم وہ اپنا سالانہ کشت و خون ترک نہیں کرے گا۔
ماساکی وادا نے اے ایف پی کو بتایا، صوبہ واکایاما میں قصبہ تاجی نے کھاڑی کے ایک حصے کو الگ کرنے اور اسے ایک ایسی جگہ میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر تحقیق شروع کر دی ہے جہاں لوگ چھوٹی وہیلوں اور ڈالفنوں کے ہمراہ تیر سکیں گے۔
تاہم وادا نے زور دیا کہ اس کا ماحول دوستوں کے دباؤ سے قطعاً کوئی تعلق نہیں جو چاہتے ہیں کہ سالانہ شکار ختم ہو جائے جو پانی کو خون سے سرخ کر دیتا ہے، بلکہ اس منصوبے کا مقصد اس مشق کو برقرار رکھنے میں مدد دینا ہے۔
انہوں نے کہا، “ہم پہلے ہی کھاڑی، جہاں ڈالفنوں کا شکار کیا جاتا ہے، میں ڈالفنوں اور چھوٹی مچھلیوں کو سیاحت کے ذریعے کے طور پر استعمال کرتے ہیں”۔
“تاہم ہم اسے بڑے پیمانے پر کرنا چاہتے ہیں۔” انہوں نے کہا، “یہ تاجی کے طویل مدتی منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت پورے قصبے کو ایک پارک بنا دیا جائے گا، جہاں آپ بحری ممالیوں کو دیکھ کر لطف اندوز ہو سکیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ بحری مصنوعات، بشمول وہیل اور ڈالفن کے گوشت کا مزہ لے سکیں گے”۔