ٹوکیو: جاپان کے تباہ حال ایٹمی پلانٹ کے آپریٹر نے جمعرات کو کہا، متاثرہ فوکوشیما ری ایکٹروں کے باہر تھوڑی ہی دور سمندری پانی میں تابکاری کے درجات اس ہفتے دو برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
بدھ — جس دن چھ کارکن انتہائی تابکاری پانی کی زد میں آ گئے تھے — کو تابکاری کے درجات پچھلے دن کی ریڈنگ کے مقابلے میں 13 گنا زیادہ ہو گئے، جو 2011 کے اواخر کے بعد بلند ترین درجات ہیں۔
ٹیپکو نے کہا کہ متاثرہ ری ایکٹر نمبر 2 کے ذرا ہی باہر سیزیم 134 اور سیزیم 137 کی مجموعی ریڈنگز بدھ کو 1200 بیکرلز فی لیٹر سے تجاوز کر گئیں، جو منگل کے درجے سے 13 گنا زیادہ تھا۔
ٹیپکو کے ایک ترجمان نے کہا تابکاری میں اچانک اضافے کی وجہ نمبر 2 عمارت کے نزدیک تعمیراتی کام تھا۔
کارکن فوکوشیما ری ایکٹروں کی عمارات کی سمندر والی جانب زمین کو سخت کرنے کے لیے اس میں کیمیائی مادے داخل کر رہے ہیں تاکہ آلودہ پانی کو سمندر میں بہنے سے روکا جا سکے۔ ترجمان نے کہا، کیمیائی مادے زمین میں پمپ کرنے کے دباؤ نے کچھ آلودہ مٹی کو بندرگاہ کے علاقے میں دھکیل دیا۔