ٹوکیو: رائٹرز کی ایک رائے شماری کے مطابق، جاپان کی معیشت بڑھوتری کی جانب گامزن رہے گی جیسا کہ حکومت 5 ٹریلین ین کے محرکاتی پیکج کی تیاری کر رہی ہے تاکہ اگلے اپریل میں طے شدہ سیلز ٹیکس اضافے کے منفی اثرات کم کیے جا سکیں۔
10 تا 15 اکتوبر کو کروائی گئی رائے شماری کے مطابق، معیشت دان توقع رکھتے ہیں کہ محرکاتی پیکج کا بیشتر حصہ انفراسٹرکچر اور کارپوریٹ سیکٹر کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ پر صرف کیا جائے گا۔
نومورا سیکیورٹیز کے معیشت دانوں نے کلائنٹس کو ایک نوٹ میں کہا، “اگرچہ کچھ اخراجاتی اقدامات کی تفصیلات دسمبر میں متعین کی جائیں گیِ تاہم ہمارا تخمینہ ہے کہ یہ مالیاتی اقدامات زیادہ تر کنزمپشن ٹیکس میں اضافے کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ہوں گے”۔
مالی سال 2015 میں معیشت 1.1 فیصد کی شرح سے نمو پذیر ہو گی، جو پچھلے ماہ پیشن گوئی شدہ 1.5 فیصد سے سست ہے۔
معیشت دانوں نے رائٹرز کی رائے شماری میں کہا، ٹیکس اضافے کے ہمراہ اخراجات کے محرکاتی پیکج کا حکومتی فیصلہ مالیاتی نظم و ضبط کے بارے میں خدشات پیدا نہیں کرتا۔