ٹوکیو: ٹی وی کامیڈین تاموری (اصلی نام کازویوشی موریتا) نے اپنے دوپہر کے ورائٹی پروگرام “واراتّے ایتومو” (ہنسنے میں کوئی حرج نہیں) میں منگل کو تصدیق کی کہ عرصہ دراز سے جاری شو فُوجی ٹی وی پر 32 برس آن ائیر رہنے کے بعد اگلے مارچ میں ختم ہو جائے گا۔
یہ مقبول ورائٹی پروگرام اکتوبر 1982 میں شروع ہوا تھا۔ 68 سالہ تاموری اپنے ٹریڈ مارک دھوپ کے چشمے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں (بہت کم لوگوں نے انہیں دھوپ کے چشمے کے بغیر دیکھا ہے)۔
منگل کو کامیڈین شوفوکوتے تسوروبے –جو جمعرات کو آتے ہیں– نے حاضری دی اور تاموری سے پوچھا کہ شو ختم ہونے کی خبر سچ ہے یا نہیں۔ تاموری نے جواب دیا کہ آخری پروگرام اگلے مارچ میں نشر ہو گا۔ ایس ایم اے پی کے گلوکار ماساہیرو ناکائی نے پوچھا کیا یہ باضابطہ ہے، تو تاموری نے اس کا جواب اثبات میں دیا۔
تاموری کو عرصہ دراز سے جاپان کے تین مشہور ترین ٹیلی وژن کامیڈین میں سے ایک سمجھا جاتا رہا ہے، جن میں دیگر دو بیت تاکیشی اور آکاشیا سامّا ہیں۔