ٹوکیو: حکومت نے جمعرات کو کہا، تباہ کار جہاز، لڑاکا طیارے اور 34000 جوان ایک بڑی فوجی مشق میں حصہ لیں گے جس کا مقصد جاپان کی دور دراز کے جزائر کے دفاع کی صلاحیت بڑھانا ہے، جیسا کہ چین کے ساتھ علاقائی تنازع جاری ہے۔
وزارتِ دفاع کے ایک اہلکار نے کہا، ہوائی، بحری اور بری افواج کی مشق 1 سے 18 نومبر تک جاری رہے گی جس میں اوکیدائیتو جیما کے غیر آباد مرجانی جزیرے پر جرات مندانہ قبضے اور اترنے کی مشق کی جائیں گے، جو مرکزی اوکی ناوا جزیرے سے 400 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
انہوں نے کہا، تباہ کار جہازوں اور ایف ٹو لڑاکا جیٹ طیاروں پر مشتمل براہِ راست مشقیں بھی کی جائیں گی۔
سیلف ڈیفنس فورسز کے جوائنٹ اسٹاف نے ایک بیان میں کہا، نومبر کی مشق کا مقصد “مسلح حملے کی صورتحال میں سیلف ڈیفنس فورسز کی مشترکہ آپریشن کی صلاحیتوں کو برقرار رکھنا اور بہتر بنانا” ہے۔
ایک اور تازہ ترین ہلے کے تحت وزاتِ خارجہ نے 90 سیکنڈ کی دو ویڈیوز تیار کی ہیں جن میں متنازع جزائر کے دو گروہوں (ایک چین دوسرا جنوبی کوریا کے ساتھ متنازع ہے) پر اس کا موقف بیان کیا گیا ہے اور انہیں یوٹیوب پر شائع کیا گیا ہے۔
دونوں ویڈیوز اس وقت جاپانی میں ہیں، تاہم وزارت 10 دیگر زبانوں میں ان کے ورژن مہیا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جن میں چینی اور کوریائی بھی شامل ہیں۔