ٹوکیو: جب فوکوشیما کے تباہ حال ایٹمی بجلی گھر سے ٹنوں تابکار پانی خارج ہوا اور آپریٹر کی جانب سے افراتفری میں کھڑے کیے گئے دیگر ٹینکوں میں مسائل پیدا ہوئے، تو یاشیتاتسو اُوئی چی کو کوئی حیرانی نہیں ہوئی۔ وہ متعجب ہیں کہ اگلا (ناقص) ٹینک کہیں ان کا بنایا ہوا ہی نہ ہو۔
وہ ایک کار مکینک ہیں۔ وہ کچھ عرصے کے لیے ایک سیاحتی بس کے ڈرائیور بھی رہے۔ انہیں ٹینک بنانے یا ایٹمی پلانٹ پر کام کرنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا، تاہم پچھلے برس چھ ماہ کے لیے وہ ایک ٹیم کا حصہ رہے جو دیوانہ وار انداز میں آلودہ پانی کے لیے نئی جگہیں بنانے کی کوشش کر رہی تھی۔
اُوئی چی اور ساتھی کارکنوں پر دباؤ تھا کہ تیزی سے ٹینک تیار کریں اس لیے وہ بولٹ اور جوڑوں پر زنگ روک تہہ چڑھانے کے لیے خشک موسمی حالات کا انتظار بھی نہیں کرتے تھے جیسا کہ انہیں کرنا چاہیئے تھا؛ انہوں نے بارش یا برفباری میں بھی کام کیا۔ کبھی کبھار ٹینکوں کے لیے وہ کنکریٹ کی جو بنیاد بناتے وہ اونچی نیچی بن جاتی۔ کبھی کبھار کارکنوں نے بھی دیکھا کہ ٹینک پوری طرح مکمل ہونے سے قبل ہی اس میں پانی ذخیرہ کر دیا گیا۔