ٹوکیو: حکومت نے منگل کو کہا، ایک سپر ٹائیفون کے ہاتھوں ہزاروں لوگوں کی ہلاکت کے بعد جاپان فلپائن میں امدادی کاروائیوں میں مدد کے لیے فوجی بھیجے گا، جبکہ 40 لوگ جلد از جلد روانہ ہو جائیں گے۔
چیف کیبنٹ سیکرٹری یوشی ہیدے سُوگا نے کہا فوجی بھیجنے کا فیصلہ منیلا کی جانب سے درخواست کے بعد کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹوکیو ہنگامی امداد کی مد میں 10 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔
سُوگا نے اضافہ کیا، روانگی کے اوقات فلپائن کے ساتھ مشورے سے طے کیے جا رہے ہیں، تاہم فوجی تیار ہیں۔ 25 افراد پر مشتمل ایک ٹیم، جس میں زیادہ تر طبی کارکن شامل ہیں، پیر کو فلپائن کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
سیلف ڈیفنس فورسز کی جانب سے ملک اور بیرونِ ملک آفات سے امدادی سرگرمیوں نے ملک میں فوج کی شبیہ بہتر بنانے میں مدد کی ہے۔ 2004 کے سونامی کے بعد قریباً 1000 فوجیوں اور دیگر اہلکاروں نے آچے میں امدادی کوششوں میں حصہ لیا تھا، اور فوجی 2010 کے تباہ کن زلزلے کے بعد ہیٹی بھی گئے تھے۔
“جاپان کی جانب سے اپنی سیلف ڈیفنس فورسز کی روانگی قطعاً محدود ہے،” شانیچی کیتوآکا نے کہا، جو ایک مشاورتی پینل کے سربراہ ہیں جو متوقع طور پر اجتماعی ذاتی دفاع پر پابندی کم از کم جزوی طور پر ہٹانے کی سفارش کرے گا۔