واشنگٹن: کیرولین کینیڈی، جو جاپان کے لیے نئی امریکی سفیر اور قتل ہونے والے امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی بیٹی ہیں، جمعرات کو جاپان روانہ ہوں گی تاکہ امریکہ اور ایشیائی ملک کے درمیان اہم تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے اپنا کام شروع کر سکیں۔
کینیڈی نے منگل کی رات جاپانی سفیر کی رہائشگاہ پر ایک اعزازی تقریب میں کہا، “ہم نے ابھی چائے کی تقریب منعقد کی جو جاپانی ثقافت کا ایک عمدہ تعارف تھی”۔ “ہم جتنے زیادہ لوگوں سے ہو سکا ملنے، نئے دوست بنانے، اس خوبصورت ملک، جو بہت ساری اہم کوششوں میں امریکہ کا ایک مضبوط شراکت دار ہے، کا سفر کرنے اور اس کی تاریخ و ثقافت کا مطالعہ کرنے کے منتظر ہیں۔”
کینیڈی، جنہیں پچھلے ماہ سینیٹ نے توثیق کا پروانہ دیا تھا، کو سفیر کے عہدے کے لیے صدر باراک اوباما نے نامزد کیا جب انہوں نے اُن کے دوبارہ انتخاب میں کردار ادا کیا۔ ان کے دادا جوزف پی کینیڈی سینئر صدر فرینکلن ڈی روز ویلٹ کے لیے برطانیہ کے سفیر تھے، جبکہ ان کی خالہ جین کینیڈی اسمتھ صدر بل کلنٹن کے دور میں آئر لینڈ کے لیے سفیر رہیں۔