ٹوکیو: اتوار کی خبروں کے مطابق، جاپانی حکومت اپنی بڑھوتری حکمت عملی کا دوسرا حصہ اگلے برس جون میں تیار کرے گی، جو غیر ملکی کمپنیوں کو جاپان کی جانب لبھانے اور جاپانی فرموں کو بیرونِ ملک توسیع میں مدد دینے پر مشتمل ہو سکتا ہے۔
سانکےئی شمبن اخبار نے بتایا، حکومت وینچر کمپنیوں کی مدد کے لیے ڈی ریگولیشن، زرعی شعبے میں مسابقت پذیری بڑھانے کے لیے اقدامات اور 2020 میں منعقد ہونے والے ٹوکیو کے گرمائی اولمپکس کے لیے سرکاری منصوبہ جات پر بھی غور کر سکتی ہے۔
سانکےئی نے ذرائع کا حوالہ دئیے بغیر بتایا، وزیرِ اعظم شینزو آبے کی حکومت بڑھوتری حکمتِ عملی کے دوسرے مرحلے پر اگلے سال کے آغاز سے مباحثہ شروع کریں گے۔
سانکے ئی نے کہا، حکومت ایک اعلی سطحی مشیر پینل، اقتصادی اور مالی پالیسی کی کونسل کو بھی توسیع دے گی، تاکہ اسے پالیسی تجاویز بنانے کے لیے مزید اختیار حاصل ہو۔
آبے کو 15 سالہ تفریطِ زر ختم کرنے اور معیشت کے احیا کے جرات مندانہ وعدوں کی وجہ سے پچھلے دسمبر میں منتخب کیا گیا تھا، تاہم ان کی بڑھوتری پالیسی کے جون میں اعلان شدہ پہلے مرحلے نے بہت سے سرمایہ کاروں کو مایوس کیا۔