ٹوکیو: ہیرونو، صوبہ فوکوشیما میں 11 مارچ، 2011 کی آفت کے بعد کاٹے گئے پہلے چاولوں میں سے کچھ مقدار اس ہفتے ٹوکیو میں شاہی محل کو پہنچائی گئی جب شہنشاہ نے اس علاقے کے چاول کھانے کی فرمائش کی تھی۔
فُوجی ٹی وی نے خبر دی، شاہی گھرانے سے متعلق ایجنسی نے کہا 120 کلوگرام کوشی ہیکاری پریمیم چاول منگل کو پہنچائے گئے۔
ہیرونو کا قصبہ تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے ارد گرد 30 کلومیٹر کے حلقے میں واقع ہے۔
خزاں کی فصل کے بعد قصبے نے پہلی کٹائی کے پیکج وزیرِ اعظم، دائت اور شاہی محل بھیج کر چاولوں کے ذریعے تعلقاتِ عامہ کی مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔
شہنشاہ اکی ہیتو اور ملکہ مچیکو نے جولائی میں فوکوشیما کا دو روزہ دورہ کیا تھا۔ شہنشاہ نے کہا “ہیرونو کے لوگوں نے بہت سی سختیاں سہی ہیں، اور اس کے باوجود یہ فصل پیدا کرنے کے لیے جانفشانی سے کام کیا ہے اور اس لیے ہم بھی اس خوشی بھرے موقع سے لطف اٹھانے کی خواہش رکھتے ہیں”۔