ٹوکیو: ذرائع نے جمعرات کو کہا، جاپان اگلے ماہ حتمی طور پر منظور ہونے والے ایک اقتصادی محرکاتی پیکج کے ذریعے ترقیاتی کاموں پر 1 ٹریلین ین کے قریب خرچ کرے گا، جس کا مقصد سیلز ٹیکس میں اضافے کے دھچکے کو کم کرنا ہے۔
وزیرِ اعظم شینزو آبے کی کابینہ متوقع طور پر 5 دسمبر کو اس محرکاتی پیکج کی منظوری دے گی، جو قریباً 5 ٹریلین ین پر مشتمل ہے۔
حکومت اپریل سے سیلز ٹیکس کو 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنا چاہتی ہے تاکہ طبی نگہداشت کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے لیے ادائیگی ہو سکے۔
آبے ٹیکس اضافے کی وجہ سے صارفین کے خرچ پر پڑنے والے اثر کے تدارک کے لیے قلیل مدتی محرکاتی پیکج استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
معاملے سے باخبر ایک ذریعے نے بتایا، متوقع طور پر اس پیکج میں 200 ارب ین موجود ہوں گے جو بچوں والے خاندانوں کو ادائیگیوں میں عارضی اضافے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
ذرائع نے کہا، اس پیکج میں 300 ارب ین مزید ادائیگیوں کے لیے بھی ہوں گے جو کم آمدنی والوں کو جائیں گی اور 150 ارب ین کے قریب نئے گھر کی خریداری پر سبسڈی کی صورت میں شامل ہوں گے۔