ٹوکیو: بدھ کی ایک خبر کے مطابق، جاپان ایک ذخیرہ گاہ کی تعمیر کے لیے 100 ارب ین خرچ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس میں فوکوشیما آفت کی تابکاری سے آلودہ دسیوں ہزار ٹن مٹی ذخیرہ کی جائے گی۔
آساہی شمبن نے خبر دی، حکومت تباہ حال پلانٹ کے نزدیک کسی جگہ پر 3 سے 5 مربع کلومیٹر جگہ کی خریداری کے لیے روپیہ مختص کرے گی۔
تاہم مرکز کے لیے امیدوار جگہ کا انتخاب، جو حکومت 30 برس کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، ایک سیاسی چیلنج ہے اور کسی مقامی اتھارٹی نے ابھی تک اپنی رضامندی ظاہر نہیں کی۔
اخبار نے کہا، ٹوکیو اغلباً پلانٹ کے نزدیک تین انتہائی آلودہ قصبات میں سے ایک کی زمین استعمال کرے گا، اور مزید بتایا کہ وزیر ماحول نوبوتیرو اشی ہارا اس ویک اینڈ پر مقامی اہلکاروں سے ملیں گے۔
آلودہ ملبہ اس وقت ملک بھر کے کوڑے کو آگ لگانے والے پلانٹس، سیوریج کو صاف کرنے والے پلانٹس اور زرعی اور جنگلاتی مراکز میں پڑا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ اس کا طویل مدتی حل نکالا جانا ضروری ہے چونکہ ان مراکز پر ذخیرہ کاری اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔