ٹوکیو: پولیس نے کاتسوراگی، صوبہ نارا میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کو ایک مسافر کی موت پر حراست میں لیا ہے جو اس کی ٹیکسی سے گر پڑا تھا۔ کازوؤ تیرائی نامی یہ 64 سالہ ڈرائیور بظاہر اس بات سے آگاہ نہیں تھا کہ دروازہ کھل گیا ہے اور یاسوکاتسو اوکودا نامی مسافر باہر لڑھک گیا ہے۔
پولیس نے کہا اوکودا کو ٹیکسی سے باہر گرنے کے بعد پیچھے سے آنے والی ایک گاڑی نے ٹکر ماری اور وہ بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے کہا تیرائی اس واقعے کے قریباً 10 منٹ بعد طے شدہ مقام پر پہنچا۔ تاہم جب اس نے آمد کی اطلاع دینے کے لیے پچھلی سیٹ پر نظر ڈالی تو، اس کے پولیس کو دئیے گئے بیان کے مطابق، وہ مسافر کو نہ پا کر حیران رہ گیا۔
پولیس نے بعد میں تیرائی کو جائے حادثہ سے ہٹنے پر حراست میں لے لیا۔ تیرائی نے الزامات سے انکار کیا ہے اور پولیس کو بتایا کہ پہلے تو اسے لگا کہ مسافر کرائے کا فراڈ کرنے والوں میں سے ہے، جس نے منزلِ مقصود پر پہنچنے کے بعد کرایہ دئیے بغیر اترنے کی کوشش کی۔