ٹوکیو: جاپان نے جمعرات کو اعلان کیا کہ فوجی ساز و سامان پر روپیہ وارنے کی ایک مہم کے تحت وہ اسٹیلتھ لڑاکا طیارے، ڈرون اور آبدوزیں خریدے گا تاکہ چین کے ساتھ سلگتے ہوئے علاقائی تنازع کے دوران دور دراز کے جزائر کے دفاع کو مضبوط بنا سکے۔
عقاب صفت وزیر اعظم شینزو آبے کی کابینہ نے ملک کے جنوب اور مغرب کی جانب ایک تزویراتی تبدیلی کے تحت 2014 اور 2019 کے دوران 27.7 ٹریلین ین (240 ارب ڈالر) خرچ کرنے کی منظور دی، جو پانچ برس کے دوران فوجی بجٹ میں 5 فیصد اضافے کے برابر ہو گا۔
ہیدیشی تاکیسادا، جو ٹوکیو کی جامعہ توکوشوکو میں علاقائی سلامتی کے ایک ماہر ہیں، نے کہا، “یہ رہنما ہدایات مشرقی بحر چین میں جاپان کی جانب سے اپنے جزائر کی حفاظت کے لیے حکمت عملی میں بڑی تبدیلی کو نمایاں کرتی ہیں”۔
تاکیسادا نے کہا، “یہ رہنما ہدایات چین کا بظاہر ڈراوا حقیقی فوجی اقدام کی صورت میں ڈھلنے پر عملی دفاع کے لیے جاپان کی تیاری کو ظاہر کرتی ہیں”۔
یہ رہنما ہدایات جاپان پر مزید زور دیتی ہیں کہ وہ اپنا میزائل دفاعی نظام بہتر بنائے تاکہ شمالی کوریا کی جانب سے “ایک سنگین اور ناگزیر خطرے” کا تدارک ہو سکے۔