ٹوکیو: وزیر اعظم شینزو آبے نے جمعرات کو کہا کہ جاپان 2020 میں بہترین اولمپکس کھیل پیش کرنے کے لیے اب بھی پابند ہے اور ٹوکیو کے گورنر ناؤکی اینوسے کے استعفے سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اینوسے نے ایک مالیاتی اسکینڈل میں پھنس جانے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا جب صرف تین ماہ قبل انہوں نے اپنے شہر کو 2020 اولمپک بولی جتوانے میں مدد کی تھی۔
اینوسے نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا، “میں اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی تیاری کے راستے میں نہیں آ سکتا، جہاں قومی فخر داؤ پر لگا ہوا ہے”۔ “میں نے فیصلہ کیا کہ تعطل دور کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ یہ کہ میں ٹوکیو کے گورنر کے عہدے سے مستعفی ہو جاؤں۔”
آبے، جنہوں نے 2020 کی بولی کے لیے اینوسے کے ساتھ کام کیا تھا، نے کہا ان کے استعفے سے کھیلوں پر کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیئے۔
“ہر کوئی مشترکہ جذبات رکھتا ہے کہ بہترین اولمپک کھیلوں کی میزبانی کی جائے۔ اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔”
“جاپانی اولمپک کمیٹی اولمپک اور پیرا اولمپک کھیلوں کی تیاری کے سلسلے میں ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت اور قومی حکومت کے کے سینئر اہلکاروں کے ساتھ قریبی روابط رکھ کر کام کرنا جاری رکھے گی۔”