ٹوکیو: پولیس نے کہا کہ ایک ماہی گیر یونین کے سربراہ کو جمعے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، جو دو دنوں میں ایک ایسے ملک میں دوسرا مہلک واقعہ ہے جو آتشیں ہتھیاروں سے متعلق جرائم کا عادی نہیں۔
70 سالہ تادایوشی اُوئینو کو کیتاکیوشو کے جنوبی شہر میں ایک گلی میں پڑے ہوئے پایا گیا جب قریبی رہائشیوں نے گولی چلنے سے ملتی جلتی ایک آواز سنی۔
مقامی پولیس نے کہا کہ ہسپتال میں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی، جبکہ اطلاعات سے عندیہ ملا کہ انہیں کئی گولیاں ماری گئی تھیں۔
جاپان میں بندوق سے متعلق جرائم بہت کم ہیں، اور آتشیں ہتھیاروں والے جرائم کے ڈانڈے اکثر منظم جرائم کے گروہوں سے جا ملتے ہیں۔
جی جی پریس نیوز ایجنسی نے کہا، اُوئینو، جن کا خاندان ایک سول انجینئرنگ کی فرم چلاتا ہے، کو ایک مرتبہ پہلے بھی 1997 میں ان کے گھر کے سامنے گولی کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم وہ زخمی ہونے سے بچ نکلے۔
جی جی نے کہا، تاہم ان کے چھوٹے بھائی کو اگلے برس گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا، ایک ایسا جرم جس کی پاداش میں بدمعاشوں کو حراست میں لیا گیا، جب کہ تفتیش کاروں نے کہا کہ انہوں نے اسے نشانہ اس لیے بنایا چونکہ اُوئینو نے سرکاری تعمیراتی کاموں کے منصوبوں میں انہیں فائدہ پہنچانے سے انکار کیا تھا۔
جمعے کا یہ قتل اس وقت ہوا ہے جب ایک دن قبل کیوتو میں ایک معروف ڈمپلنگ (گندھے ہوئے آٹے کا پیڑا) ریستوران چین کے صدر کو ہلاک کر دیا گیا۔