ٹوکیو: بدھ کی ایک اخباری رپورٹ کے مطابق، جاپانی کمپنی سافٹ بینک اپنی ذیلی کمپنی اسپرنٹ کے ذریعے امریکی ٹی موبائل کو تحویل میں لینے کا منصوبہ رکھتی ہے، ایسا اقدام جو آمدن کے اعتبار سے چائنہ موبائل کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا موبائل کیرئیر تخلیق کر دے گا۔
نیکےئی کاروباری روزنامے نے کہا، سافٹ بینک 2014 کے اوائل میں چوتھے نمبر کے امریکی وائرلیس کیرئیر ٹی موبائل میں اکثریتی حصص حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے لیے سودے میں تخمینہ شدہ قیمت 2 ٹریلین ین (19 ارب ڈالر) سے زیادہ ہو گی۔
نیکےئی نے انڈسٹری کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، یہ خریداری سافٹ بینک گروپ کی موبائل آپریشنز سے حاصل شدہ سالانہ آمدن کو 69.4 ارب ڈالر تک بڑھا دے گی، جس سے وہ چائنہ موبائل، جس کی آمدن 90.4 ارب ڈالر ہے، کے بعد دنیا میں دوسرا بڑا موبائل کیرئیر بن جائے گا۔