ٹوکیو: ایک جاپانی اہلکار نے جمعرات کو کہا، ایک چینی شخص کو جاپانی کوسٹ گارڈ نے اس وقت بچا لیا جب اس نے گرم پانی کا غبارہ استعمال کرتے ہوئے متنازع جزائر پر اترنے کی ناکام کی کوشش کی جو ٹوکیو اور بیجنگ کے درمیان تلخ تنازع کی مرکزی وجہ ہیں۔
کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے کہا، 35 سالہ زو شوآجون، جو ایک باورچی ہے، بدھ کی صبح فوجیان صوبے سے اڑا تھا، اور ٹوکیو کے زیرِ کنٹرول جزائر میں سے ایک پر اترنا چاہتا تھا، جنہیں جاپانی میں سینکاکوز اور چینی میں دیاؤیوز کہا جاتا ہے۔
اہلکار نے کہا، ایک جاپانی امدادی ہیلی کاپٹر نے غبارہ جزیرے سے 22 کلومیٹر کی دوری پر پا لیا اور آدمی کو مدد پہنچائی، جسے کوئی گزند نہیں پہنچا تھا۔ اسے علاقائی پانیوں کے باہر چینی گشتی جہاز کے حوالے کر دیا گیا۔
چینی اور تائیوانی کارکنوں نے کئی مرتبہ جہازوں کے ذریعے ان جزائر پر اترنے کی کوشش کی ہے تاہم انہیں جاپانی کوسٹ گارڈ نے روک دیا۔
چینی سرکاری جہاز اور طیارے بیجنگ کا علاقائی دعویٰ ظاہر کرنے کے لیے اکثر اوقات سینکاکوز جزائر کے نزدیک پہنچتے رہے ہیں، خصوصاً جب جاپان نے ستمبر 2012 میں ان میں سے کچھ جزائر کو قومیا لیا۔