ٹوکیو: جی جی پریس نے بدھ کو خبر دی، 1000 سے زائد لوگ کیڑے مار دوا سے آلودہ منجمد خوراک کھا کر بیمار پڑ چکے ہیں جیسا کہ جاپان بھر میں اسکینڈل وسیع ہو رہا ہے۔
ماروہا نیچیرو ہولڈنگز کی ذیلی کمپنی آگلی فوڈز کارپوریشن کی ایک فیکٹری واقع اوئیزومی، صوبہ گونما میں اکتوبر اور نومبر میں تیار کردہ آلودہ کھانا، جس میں پیزا، کوفتے اور پین کیک بھی شامل ہیں، کھانے کی وجہ سے لوگوں نے قے، ڈائریا اور زہر خورانی کی دیگر علامات کی شکایت کی ہے۔
خبر کے مطابق، پیر کو اوساکا میں ایک نو ماہ کے بچے کو قے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کروایا گیا جب اس نے کریمی مکئی کے کوفتے نامی ایک مصنوعہ کھائی تھی۔
کمپنی کی ایک خاتون ترجمان نے کہا، بدھ تک ماروہا نیچیرو نے اس واقعے سے تعلق کی بناء پر صارفین کی 630,000 کالیں وصول کی ہیں، جن میں آلودہ خوراک کھانے والے گاہکوں کی جانب سے شکایات اور نامانوس بد بو کی اطلاعات بھی شامل ہیں۔
اس نے کہا، خوراک ساز ادارے نے ممکنہ طور پر 6.4 ملین آلودہ مصنوعات واپس منگوا لی ہیں، جن میں سے 1.49 ملین پیکج اب تک بازیاب کیے جا چکے ہیں۔ کمپنی نے کہا، مذکورہ مصنوعات میں سے کوئی بھی بیرونِ ملک نہیں بھیجی گئی تھی۔