عابد جان: وزیرِ اعظم شینزو آبے جمعے کو سیاسی اور کاروباری تعلقات بڑھانے کے مشن پر عابد جان پہنچے۔ یہ افریقہ کے دورے میں ان کا پہلا پڑاؤ ہے، ایک ایسا براعظم جو چین کا ایک کلیدی تجارتی شرکت دار بن چکا ہے۔
آبے سے ہوائی اڈے پر آئیوری کوسٹ کے صدر الاسانے اوؤتّارا نے ملاقات کی۔ یہ آٹھ برسوں میں کسی جاپانی سربراہِ مملکت کا پہلا دورہ افریقہ ہے۔
جی جی نیوز ایجنسی کے مطابق، جاپانی رہنما نے مذکورہ ملک کو علاقائی معاشی طاقت کہہ کر اس کا خیر مقدم کیا۔ ان کے ہمراہ بڑے جاپانی کاروباری اداروں کے 50 عہدیدار بھی ہیں۔
جمعے کو آئیوری کوسٹ کے اخبار میں آبے کا ایک انٹرویو شائع ہوا جس میں انہوں نے کہا “جاپانی کاروباری ادارے” مغربی افریقہ میں “بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں”۔ یہ خطہ قریباً 300 ملین لوگوں پر مشتمل منڈی ہے۔
جاپان کئی عشروں سے افریقہ میں مصروفِ کار ہے، جس میں قیامِ امن کے مشنز کے لیے روپیہ مہیا کرنا قابلِ ذکر رہا ہے۔
او ای سی ڈی کے مطابق، چین 2009 میں 13.5 فیصد کے ساتھ افریقہ کا سرکردہ تجارتی شراکت دار بن گیا تھا جبکہ مقابلتاً جاپانی تجارت 2.7 فیصد پر ہی رہی۔