واشنگٹن: امریکہ نے بدھ کو کہا کہ وہ جاپان کو ایک تفتیش میں مدد دے گا۔ یاد رہے کہ منگل کو ٹوکیو کے ناریتا کے ہوائی اڈے پر جاپان ائیر لائنز کے طیارے کی بیٹری سے دھواں خارج ہونے لگ گیا تھا۔ طیارہ اس وقت پرواز کرنے ہی والا تھا۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے کہا کہ اس کا ایک تفتیش کار جاپان جائے گا اور جاپان سول ایوی ایشن بیورو (جے سی اے بی) کی تفتیش میں ہاتھ بٹائے گا۔
بوئنگ کے تازہ ترین اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل جیٹ طیارے کے حوالے سے منگل کا مسئلہ عین ایک سال بعد پیش آیا ہے۔ ایک برس قبل بوئنگ کو، کے 787 میں بیٹریاں حد سے زیادہ گرم ہونے کا مسئلہ پیدا ہوا تھا۔ جس پر پوری دنیا میں ہوا بازی کے نگران اداروں نے طیارے کو تین ماہ کے لیے گراؤنڈ کر دیا۔
عالمی نگران اداروں نے تمام ڈریم لائنر اس وقت تک گراؤنڈ کیے رکھا جب تک بوئنگ نے اس کی بیٹری، چارجر اور کور وغیرہ کا نظام تبدیل نہیں کر دئیے۔ اس کا مقصد بیٹریوں میں آگ لگنے سے بچاؤ تھا جس سے طیارے کے تحفظ کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔