ٹوکیو: وزارتِ محنت کے قائم کردہ ایک حکومتی پینل نے بدھ کو بچوں والی خواتین کے لیے ڈے کئیر مراکز کی اہلیت میں توسیع کی منظوری دی۔ یہ توسیع مالی سال 2015 سے نافذ ہو گی اور یہ وزیرِ اعظم شینزو آبے کی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت خواتین کے لیے اس معاملے میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
سانکےئی شمبن نے خبر دی کہ پینل نے ڈے کیئر مراکز استعمال کرنے کی اہل خواتین کے لیے کم از کم اوقاتِ کار 48 تا 64 گھنٹے ماہانہ کرنے کی سفارش کی۔
فی الوقت ڈے کیئر مراکز صرف کُل وقتی ملازم خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔ یا پھر دیگر خواتین خصوصی حالات میں ان کا استعمال کر سکتی ہیں، مثلاً ایسی خواتین جو بیمار رشتے داروں کی دیکھ بھال کر رہی ہوں یا ایسی خواتین جو معذور ہوں۔
اخبار کی خبر کے مطابق، پینل نے کہا ہے کہ نئے قوانین کے تحت تمام ملازم خواتین اپنے بچوں کو ڈے کیئر مراکز پر رجسٹر کرانے کی اہل ہیں۔ جن میں جز وقتی ملازم خواتین بھی شامل ہیں، اور اس کے ساتھ ساتھ ملازمت تلاش کرنے والی خواتین، یونیورسٹی میں پڑھنے والی خواتین، اور اکیلی مائیں بھی شامل ہیں۔
آبے نے اپنے “آبے نامکس” منصوبے کے تحت اقدامات اٹھانے کا عہد کیا ہے، جس میں ڈے کیئر مراکز کو توسیع دینا بھی شامل ہے تاکہ زنانہ افرادی قوت کو متحرک کیا جا سکے۔ اس منصوبے کا مقصد عمر رسیدہ اور سکڑتی آبادی والے ملک میں اقتصادی کساد بازاری ختم کرنا اور اقتصادی بڑھوتری بڑھانا ہے۔