اوساکا: 5 جنوری سے اوساکا کے تسورومی وارڈ میں اپنے گھر سے لاپتہ ہونے والی ایک 12 سالہ لڑکی جمعے کی صبح بخیر و عافیت مل گئی۔
سانکےئی شمبن کے مطابق، پولیس نے کہا انہوں نے جمعے کی صبح 11:20 کے قریب ایک عورت کی کال وصول کی۔ کال کرنے والی عورت نے کہا کہ وہ ایک بھاگی ہوئی لڑکی کے ساتھ ہے۔ اس نے لڑکی کو اوساکا کے ہیگاشی سومیوشی وارڈ میں ایک فیملی ریستوران کی کار پارکنگ میں دیکھا تھا۔
پولیس ریستوران میں گئی اور لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ لڑکی میرائی آتاراشی ہی تھی جو دو ہفتے قبل لا پتہ ہوئی تھی۔ پولیس نے کہا لڑکی تھکی ہوئی تھیں لیکن اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔ انہوں نے لڑکی کے حوالے سے بتایا کہ وہ گھر سے اس لیے بھاگی چونکہ اس کے والدین اسے برا بھلا کہتے تھے۔
اس کے والدین نے 7 جنوری کو پولیس سے رابطہ کر کے اس کی گمشدگی کی اطلاع دی تھی۔ بدھ کو صوبائی پولیس نے عوامی طور پر تصاویر اور معلومات جاری کر کے عوام سے مدد کی درخواست کی تھی۔
پولیس نے مزید معلومات نہیں دیں کہ لڑکی نے پچھلے 12 دن کہاں گزارے۔