ٹوکیو: 2013 کے دوران جاپان میں خودکشیوں کی تعداد 27,195 رہی۔ یہ دوسرا مسلسل سال ہے کہ مذکورہ تعداد 30,000 سے کم رہی ہے۔ یہ 2012 کے مقابلے میں 2.4 فیصد کمی تھی جب 27,766 افراد نے اپنی زندگیاں ختم کیں۔
جمعرات کو نیشنل پولیس ایجنسی کی جاری کردہ شماریات سے پتا چلا کہ خودکشیوں کی مجموعی تعداد میں سے 18,727 مرد اور 8,468 عورتیں تھیں۔
ٹوکیو میں خودکشیوں کی سب سے زیادہ تعداد یعنی 2825 افراد ریکارڈ کی گئی۔ اوساکا میں 1553 افراد، کاناگاوا میں 1532 افراد جبکہ سب سے کم تعداد توتّوری میں 130 افراد کی رہی۔ مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ 2540 خودکشیاں کی گئیں۔
اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پچھلے کچھ برسوں سے خودکشیوں کی تعداد کم ہو رہی ہے، خصوصاً درمیانی عمر اور بوڑھے لوگوں میں، جن کا اپنی جان لینے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ این ٹی وی کے مطابق، تاہم وہ کہتے ہیں کہ اقتصادی دباؤ اب بھی خودکشی کی بڑی وجہ ہے۔