ٹوکیو: تین عشروں تک فلپائن کے جنگلات میں چھپا رہنے والا جاپانی فوجی 91 سال کی عمر میں ٹوکیو میں چل بسا۔ اس نے دوسری جنگِ عظیم کا خاتمہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بالآخر اس کے سابق کمانڈنگ افسر کو اس کے پاس بھیجا گیا جس نے اسے ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا۔
ہیرو اونودا لوزون کے نزدیک لوبانگ جزیرے پر 1974 تک ایک گوریلا جنگ لڑتا رہا۔ اسے روکنے کے لیے طیاروں سے پیغامات گرائے گئے کہ جنگ ختم ہو گئی ہے لیکن وہ ان پرچوں کو دشمنوں کا پراپیگنڈا سمجھ کر نظر انداز کرتا رہا۔ اسے جاپانی شاہی فوج کی شکست کا یقینی دلانے کے لیے متعدد بار کوششیں کی گئیں جو ناکام رہیں۔ حتی کہ 1974 میں اسے بالآخر قائل کر لیا گیا کہ امن قائم ہو چکا ہے۔
وہ جمعرات کو ٹوکیو کے ہسپتال میں بندش قلب سے انتقال کر گیا۔