ٹوکیو: جاپان کے وہیلنگ مادر جہاز کو حلال سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے۔ اس کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ بحر جنوبی سے حاصل کردہ وہیلوں کو مسلم قوانین کے مطابق ذبح کیا جاتا ہے۔ یہ بات کمپنی کے ترجمان نے بدھ کو بتائی۔
جہاز کے مالک کیودو سینپاکو کے ایک ترجمان نے کہا، نیشین مارو کو یہ سرٹیفکیٹ پچھلے برس عطاء کیا گیا۔ جہاز اس وقت سیزن کے متنازعہ شکار کے لیے بحر جنوبی میں جانے والا تھا۔ “اسے باضابطہ طور پر 24 نومبر کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔”
اس نے کہا، معائنہ کاروں نے فیکٹری جہاز پر کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہاتھ صاف کرنے والا جراثیم کش محلول بدل دیں۔ چونکہ اس سے الکوحل کے محلول سے ممکنہ طور پر نجاست لگ سکتی تھی۔
حکومت جاپان میں اقلیتی مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی تعداد سرکاری طور پر جاری نہیں کرتی۔ تاہم جاپان مسلم ایسوسی ایشن نے اے ایف پی کو بتایا کہ جاپان میں 100,000 کے قریب مسلمان ہیں جو آبادی کا 0.08 فیصد سے بھی کم حصہ بناتے ہیں۔