ٹوکیو: ماحولیاتی مہم چلانے والوں نے کہا، واکایاما کے چھوٹے سے قصبے تائجی میں ماہی گیروں نے جمعرات کو دو درجن مزید دھاری دار ڈالفیں ہلاک کر دیں۔ اس معاملے پر عالمی غم و غصہ بھی بڑھ رہا ہے۔
جنگجو ماحول دوست گروپ سی شیفرڈ کے کارکنوں نے کہا کہ شکاری ان جانوروں کو ایک الگ تھلگ علاقے میں ہانک کر لے جا رہے ہیں۔وہ اپنے افعال کو دوسروں سے چھپانا چاہتے ہیں۔
میلیسا سیہگال نے تائیجی سے اے ایف پی کو بذریعہ ٹیلی فون بتایا، “وہ ذبح کرنے کا عمل چھپانے کے لیے ترپالوں کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ ڈالفن کے پورے پورے گروہ کو ترپالوں کی آڑ میں ہانک رہے ہیں تاکہ کیمروں سے بچ سکیں”۔
انہوں نے کہا، “آپ ان کے نیچے ڈالفنوں کو چھَپ چھَپ کی آوازیں پیدا کرتے ہوئے سن سکتے ہیں”۔ جس کے بعد ماہی گیر ان کی ریڑھ کی ہڈی میں آہنی میخ ٹھونک دیتے ہیں۔ “یہ قریباً 30 دھاری دار ڈالفنیں تھیں۔ ان تمام کو آج صبح ذبح کر دیا گیا۔”
کشتیاں جاپان کی بحر الکاہل والی ساحلی پٹی کے ساتھ ڈالفن کے گروہوں کو تلاش کرتی ہیں۔ جب ایک گروہ مل جاتا ہے، تو ماہی گیر اپنی کشتی کے ساتھ منسلک آہنی کھمبے بجاتے ہیں۔ یہ کھمبے پانی میں ڈوبے ہوئے ہوتے ہیں اور ان کی آواز ڈالفنوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔ اس طرح انہیں کھاڑی کی جانب لے جایا جاتا ہے۔