جاپان کے نزدیک کشتی الٹنے سے روسی کوسٹ گارڈ کے 4 اہلکار ہلاک

ماسکو: روسی اہلکاروں نے کہا کہ کوسٹ گارڈ کے چار افسران ہلاک اور چھ لاپتہ ہو چکے ہیں۔ ان کی کشتی جاپان کے نزدیک ناہموار پانیوں میں الٹ گئی تھی۔

ملک کے مرکزی تفتیشی ادارے “تفتیشی کمیٹی” نے کہا کہ یہ واقعہ ہفتے کو پیش آیا۔ کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کا ایک گروپ آبنائے یازوہو کوریلساکایا، نزد جزیرہ کونا شیر میں ایک ماہی گیر کشتی کا معائنہ کرنے کے لیے روانہ ہوا۔ اس کشتی کو روس کے علاقائی پانیوں میں مداخلتِ بیجا کے الزامات کے تحت روکا گیا تھا۔

اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ کی کشتی طوفانی موسم کی وجہ سے الٹ گئی۔ امدادی کارکنوں نے چار مرنے والوں کی لاشیں ڈھونڈ لیں، اور دیگر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

کوناشیر جاپان کے جزیرہ ہوکائیدو کی نوک سے ذرا سا پرے واقع ہے۔ یہ ان چار جزائر میں سے ایک ہے جن پر دوسری جنگِ عظیم سے روس کا قبضہ ہے لیکن جاپان ان پر دعویٰ کرتا ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.