سڈنی: جاپان اور آسٹریلیا آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کے قریب جا رہے ہیں۔ یہ بات منگل کو اہلکاروں نے بتائی جبکہ اخباری اطلاعات سے بھی پتا چلا کہ چند ہی مہینوں میں معاہدہ ہو سکتا ہے۔
آسٹریلیا کے محکمہ امورِ خارجہ و تجارت کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا، “آسٹریلوی حکومت جاپان کے ساتھ جلد از جلد (ایک آزاد تجارتی معاہدہ) پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے”۔
ایک اخبار کے مطابق، جولائی میں اس معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے جب جاپانی وزیرِ اعظم شینزو آبے کینبرا کے دورے پر وہاں موجود ہوں گے۔ وہ آسٹریلوی پارلیمان سے خطاب کرنے والے پہلے لیڈر بھی بن جائیں گے۔
آسٹریلیا کو جاپان کے ساتھ تجارت میں خاطر خواہ سرپلس حاصل ہوتا ہے جس کی بڑی وجہ جاپان میں قدرتی ذرائع کی طلب ہے۔
آسٹریلیا کے لیے نصف جاپانی برآمدات گاڑیاں ہوتی ہیں، جبکہ آسٹریلیا کی جاپان کو برآمدات میں زیادہ تر معدنیات اور توانائی، مثلا کوئلہ، گیس اور لوہے کی کچ دھات شامل ہیں۔
تاہم جاپانی کسان آسٹریلیا کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر محتاط ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سستی درآمدات سے جاپانی زراعت تباہ ہو سکتی ہے۔