ٹوکیو: وزارتِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ رواں برس پولن سیزن اس ہفتے سے شیکوکو اور کیوشو میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ یہ سیزن ملک کے بیشتر حصے میں فروری کے اواخر تک عروج پر پہنچ جائے گا۔ ٹی بی ایس کے مطابق، وزارت نے کہا کہ یہ موسم معمول سے جلد آ رہا ہے۔ وزارت کے مطابق، فروری اور مارچ کے ابتدائی ایام کے لیے جاپان میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ جلد شروعات کی یہی وجہ ہے۔
وزارت نے 31 جنوری کو پیشن گوئی کا اعلان کیا۔ اس کے مطابق شیکوکو اور مغربی کیوشو میں فروری کے آغاز سے پولن سیزن کا آغاز ہو گا۔ یہ فروری کے اواخر تک کینکی، چوگوکو، توکائی اور کانتو کے علاقوں میں پھیلنے کی توقع ہے۔ جس کے بعد مارچ کے اوائل میں توہوکو میں پھیلے گا۔
درختوں کے زردانوں کا سالانہ پھیلاؤ جاپان میں 25 ملین لوگوں میں تپِ کاہی کا باعث بنتا ہے۔ جاپان میں اب اس کی بہ احتیاط نگرانی کی جاتی ہے، تاہم انسدادی اقدامات ابھی تک زردانے پیدا کرنے والے درختوں کی بڑی تعداد کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
وزارت نے تپِ کاہی (زردانوں کی الرجی) کے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ باہر رہتے ہوئے سرجیکل ماسک اور چشمے پہنیں، اور گھر کے اندر اپنے کپڑے خشک رکھیں۔