ٹوکیو: اوساکا کے مئیر تورو ہاشیموتو نے ہفتے کو کہا کہ وہ عہدے سے مستعفی ہو کر دوبارہ مئیر کے انتخابات کروائیں گے۔ وہ عوام سے تازہ مینڈیٹ کے خواہشمند ہیں جس کا مقصد ایک نئے اوساکا کی تشکیل دہی کے لیے ان کے مقاصد کو آگے بڑھانا ہے۔ وہ اوساکا کو ٹوکیو اور دنیا کے دوسرے شہروں کے مقابلے کا شہر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
44 سالہ ہاشیموتو نے ٹوکیو میں اپنے ون اوساکا کنونشن کے دوران اس بات کا اعلان کیا۔
فُوجی ٹی وی کے مطابق، ہاشیموتو نے کہا کہ اوساکا شہر اور صوبے کے انتظامی فریم ورک کو مجتمع کرنے کے لیے ان کا منصوبہ توقعات کے مطابق تیزی سے آگے نہیں بڑھ سکا ہے۔ اس کی وجہ اوساکا کی شہری اسمبلی میں برسرِ پیکار چار مختلف دھڑے ہیں۔
ہاشیموتو سابق ٹوکیو گورنر شینتارو اشی ہارا کے ہمراہ جاپان ریسٹوریشن پارٹی کے شریک سربراہ ہیں۔ فُوجی ٹی وی کے مطابق، انہوں نے یہ عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے کوئی واضح بات نہیں کی۔ اور صرف اتنا کہا کہ وہ اوساکا میٹروپولیٹن حکومت منصوبے کے لیے اپنی توانائی وقف کرنا چاہتے ہیں۔
تاہم جاپان ریسٹوریشن پارٹی کے سیکرٹری جنرل یوری ہیسا ماتسونو نے صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی اوساکا مئیر کا انتخاب جیتنے کے لیے ہاشیموتو کی ہر ممکن مدد کرے گی۔